نئی دہلی، 25 اکتوبر(ایجنسی)سینٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) نے کہا ہے کہ وشاکھاپٹنم ہوائی اڈے کے وی آئی پی لانج میں وائی آر ایس کانگریس کے رہنما جگن موہن ریڈی پر ایک ویٹر کے حملے کا واقعہ سیکورٹی میں خامی کی وجہ سے نہیں ہواتھا۔
سی آئی ایس ایف کے مطابق یہ واقعہ آج اس وقت ہوا جب مسٹر ریڈی لانج میں بیٹھے تھے اور ایک ریسٹورینٹ کا ویٹر انکے لئے چائے لے کر آیا تھا۔ ویٹر اپنے ساتھ ایک چھوٹا چاقو چھپا کر لایا تھا۔ اس نے مسٹر ریڈی کے ساتھ سیلفی لینے کی درخواست کی جسے انہوں نے مان لیا۔ اس دوران ویٹر نے چھوٹے چاقو سے ان کے بازو پر حملہ کردیا جس سے وہ زخمی ہوگئے ۔ وہاں تعینات سی آئی ایس ایف اہلکاروں نے حملہ آور کو
فوراً دبوچ لیا۔
سی آئی ایس ایف کے مطابق واقعہ کے فوراً بعد مسٹر ریڈی کو ابتدائی طبی علاج مہیا کرایا گیا ۔زخم بڑا اور گہرا نہیں ہونے کی وجہ سے مسٹر ریڈی بعد میں اپنی منزل کی طرف روانہ ہوگئے۔
سی آئی ایس ایف کا کہنا ہے کہ جس ویٹر نے حملہ کیا وہ ریسٹورینٹ میں کام کرتا ہے اور اس کے پاس ہوائی اڈے اور ریسٹورینٹ میں جانے کا شناخت نامہ ہے۔ اس واقعہ کو سیکورٹی خامی نہیں کہا جاسکتا ۔ یہ غیر متوقع واقعہ ہے ۔ اس سے پہلے کبھی ریسٹورینٹ میں کام کرنے والے کسی شخص نے اس طرح کی واردات انجام نہیں دی ہے لیکن اب ان لوگوں پر بھی نگاہ رکھی جائے گی۔