نئی دہلی، 17 جون (یو این آئی) اگنی پتھ اسکیم کے خلاف ملک بھر میں نوجوانوں کی شدید تحریکوں کے درمیان وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے بھرتی سے محروم رہ جانے والے طلبہ جلد ہی شروع ہونے والی اس اسکیم سے
فائدہ اٹھانے کے لیے اپنی تیاری شروع کر دیں وزیر دفاع اور وزیر داخلہ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغامات میں ملک کے نوجوانوں پر زور دیا کہ اس سال اگنی پتھ اسکیم میں بھرتی کے لیے زیادہ سے زیادہ عمر کی حد میں 2 سال کی چھوٹ دی گئی ہے اور نوجوان اس اسکیم سے فائدہ اٹھائیں۔مسٹر سنگھ نے کہاکہ میں نوجوانوں کے مستقبل کے تئیں فکر مندی اور حساسیت کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتا
ہوں۔ میں نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ فوج میں بھرتی کا عمل چند دنوں میں شروع ہونے والا ہے۔ اس کے لیے اپنی تیاریاں شروع کردیں۔
انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کے مستقبل کو ذہن میں رکھتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کی ہدایات پر، حکومت نے اس بار ’اگنی ویروں‘ کی بھرتی کے لیے عمر کی حد 21 سال سے بڑھا کر 23 سال کر دی ہے۔ یہ ایک بار کی چھوٹ ہے۔ اس سے بہت سارے نوجوان’اگنی ویر‘بننے کے اہل ہو جائیں گے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ 'اگنی پتھ یوجنا ہندوستان کے نوجوانوں کے لیے ملک کے دفاعی نظام میں شامل ہونے اور ملک کی خدمت کرنے کا ایک سنہری موقع ہے۔ گزشتہ دو سالوں سے فوج میں بھرتی کا عمل نہ ہونے کی وجہ سے بہت سے نوجوانوں کو فوج میں بھرتی ہونے کا موقع نہیں مل سکا۔