نئی دہلی، 12 اگست (یواین آئی) نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے بدھ کے روز تاریخ کی مکمل مستند حقائق کو مجموعی طور پر لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے مختلف خطوں کے انقلابیوں کی لازوال قربانیوں کو اسکول کی درسی کتابوں میں شامل کیا جانا چاہئے مسٹر نائیڈو نے اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک تقریب میں نیتا جی سبھاش چندر بوس آئی این اے ٹرسٹ کے معاون ممبر ڈاکٹر کلیان کمار ڈے کی کتاب 'نیتا جی انڈیاز انڈی پنڈنس اینڈ بریٹش آرکائیوز‘ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ نیتا جی کی کتاب میں آزادی کی تحریک کے دوران اہم
کردار سے متعلق مستند دستاویزات کا ایک کلیکشن موجود ہے جس کے بارے میں نوجوان نسل کو واقف ہوناچاہئے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں کے انقلابیوں کے قربانیوں کے واقعات کو اسکولی نصاب میں شامل کیا جانا چاہئے۔
نائب صدر نے بتایا کہ ہماری تحریک آزادی کے دوران نیتاجی کی بہادری اور بہترین قیادت نوجوانوں کے لئے مثالی تھا۔ انہوں نے کہا کہ کتاب میں شامل دستاویزوں سے اندازہ ہوتا ہے کہ نیتاجی کی آزاد ہند فوج کی تشکیل اور عوام میں اس کی مقبولیت سے انگریز گھبرا گئے تھے اور ہندوستان کی آزادی میں ان کا ایک اہم کردار رہا۔