نئی دہلی’30ستمبر(ایجنسی)کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے الزام لگایا ہے کہ اترپردیش حکومت عصمت دری کے ملزم اپنے سینئر لیڈر سوامی چنمیانند کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے اور متاثرہ کو ڈرا دھمکا کر اس کی آواز کو دبایا جارہا ہےمحترمہ گاندھی نے آج ٹوئٹ کیا”اترپردیش میں مجرموں کو حکومت کی حمایت حاصل ہے جس سے وہ عصمت دری کی متاثرہ لڑکی کو ڈرا دھمکا سکیں۔ ریاست کی بی جے پی حکومت شاہ جہاں پورکی بیٹی کے لئے انصاف مانگنے کی آوازدبانا چاہتی ہے۔ پدیاترا روکی جارہی ہے۔ ہمارے کارکنوں اور لیڈروں کو
گرفتار کیا جارہا ہے۔ ڈر کس بات کی ہے؟“
انہوں نے کہا کہ ریاست کی یوگی حکومت ادیتیہ ناتھ حکومت گھبرائی ہوئی ہے اور وہ جمہوری قدروں کی پرواہ کئے بغیر متاثرہ کی آواز دبارہی ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا”اقتدار کے گھمنڈ میں چور اترپردیش کی بی جے پی حکومت جمہوریت کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔ عصمت دری کے ایک ملزم کو بچانے کے لئے اور شاہ جہاں پور کی بیٹی کی آواز کو دبانے کے لئے وہ کسی بھی حد تک گر سکتی ہے۔ اترپردیش میں ایک گھبرائی ہوی حکومت ہے۔ جیسے ہی اسے پتہ چلتا ہے کہ ان کے خلاف مظاہرہ ہونے والا وہ دفعہ 144نافذ کردیتی ہے۔“