نئی دہلی، 13 مئی (یو این آئی) کانگریس کی اترپردیش کی انچارج جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا ہے کہ ریاست کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے انسانیت کی تمام حدیں پار کر دی ہے اور وہ کورونا سے ہلاک ہونے والے سیکڑوں افراد کی لاشوں کو ندی کی ساحلوں پر دفن کر رہی ہے اور ہلاکتوں کے اعداد و شمار کئی گنا کم کرکے بتا رہی ہے محترمہ واڈرا نے جمعرات کو یہاں جاری بیان میں کہا،’خبروں کے مطابق بلیا اور غازی پور میں لاشیں ندی میں بہہ رہی ہیں۔ اور اناؤ میں ندی کے کنارے سیکڑوں لاشوں کو دفن کر دیا گیا ہے۔ لکھنؤ، گورکھپور، جھانسی، کانپور جیسے شہروں میں موت کے اعداد و شمار کئی گنا کم کرکے بتائے جا رہے ہیں‘۔
انہوں نے کہا،’اترپردیش میں
حد سے زیادہ غیر انسانیت ہو رہی ہے۔ حکومت اپنی امیج بنانے میں مصروف ہے اور عوام کی تکلیف ناقابل برداشت ہو چکی ہے۔ ان معاملوں میں ہائی کورٹ کے جج کی نگرانی میں فوراً عدالتی تفتیش ہونی چاہیے‘۔
قبل ازیں ایک دوسرے ٹویٹ میں یوگی حکومت سے ٹیسٹنگ، دوا اور ویکسین ہر شہری کو مہیا کروانے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا،’ہائی کورٹ میں یو پی حکومت کا حلف نامہ ریاست میں کورونا سے لڑنے کی اصل داستان بیان کرتا ہے کہ ٹیسٹ کم ہو رہے ہیں۔ ایمبولینس تک کا نظام درست نہیں ہے۔ آکسیجن اور دواؤں سے متعلق معلومات نہیں ہے۔ حکومت کو کب یہ احساس ہوگا کہ کورونا سے لڑائی جھوٹ سے نہیں، زیادہ ٹیسٹنگ، طبی سہولتوں کی دستیابی، گھر گھر ویکسین سے ہی ممکن ہے‘۔