نئی دہلی، 26فروری (یو این آئی) حکومت نے سروگیسی ریگولیشن بل 2019 میں تبدیلی کرتے ہوئے بیوہ اور طلاق شدہ خواتین کو بھی سروگیسی کے ذریعہ ماں بننے کا حق دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں بدھ کو مرکزی کابینہ کی ہوئی میٹنگ میں اس بل کی نئی شکل و صورت میں تبدیلی کو منظوری دی گئی۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے بتایا کہ گزشتہ برس پارلیمنٹ میں پیش بل لوک
سبھا میں منظور ہوچکا تھا۔ راجیہ سبھا میں جب بل بحث کے لئے گیا تو وہاں سے غور و خوض کے لئے سلیکٹ کمیٹی کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سلیکٹ کمیٹی نے اپنی رپورٹ سونپ دی ہے اور اس کی تمام سفارشات کو قبول کرلیا گیا ہے۔
خواتین اور اطفال کی فلاح وبہبود کی وزیر اسمرتی ایرانی نے بتایا کہ ایک اہم تبدیلی یہ کی گئی ہے کہ اب بیواوں اور طلاق شدہ خواتین کو سروگیسی کے ذریعہ اولاد حاصل کرنے کا حق ہوگا۔