نئی دہلی ، 16 نومبر (یواین آئی) رواں سال اکتوبر میں ، ہول سیل پرائس انڈیکس پر مبنی افراط زر میں تیار شدہ مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے 1.48 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے مرکزی وزارت تجارت و صنعت نے پیر کو یہاں جاری کردہ اعدادوشمار میں بتایا کہ ستمبر 2020 میں تھوک افراط زر 1.32 فیصد اور گذشتہ سال اکتوبر میں صفر پر تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق ، فروری 2020 کے بعد یہ تھوک افراط زر کی بلند ترین سطح ہے۔ فروری میں یہ 2.26 فیصد پر تھی۔
اکتوبر 2020 میں اشیائے خوردونوش کی
قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ، جبکہ اس عرصے کے دوران تیار شدہ مصنوعات مہنگی ہوگئیں۔ اکتوبر میں غذائی افراط زر کم ہوکر 6.37 فیصد رہ گئی ۔ ستمبر میں یہ 8.17 فیصد کی سطح پر تھی۔ زیر نظر ماہ کے دوران سبزیوں کی قیمتوں میں 25.23 فیصد اور آلو کی قیمتوں میں 107.70 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
غیر خوراک اشیا کی قیمتوں میں 2.85 فیصد اور معدنیات کی قیمتوں میں 9.11 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ تیار شدہ مصنوعات اکتوبر میں 2.12 فیصد مہنگی ہوگئیں۔ اسی مہینے میں ، ایندھن اور بجلی کی قیمتوں میں 10.95 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔