نئی دہلی، 29 اگست (یو این آئي) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے الزام لگایا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اپنے سیاسی مفادات کے لئے سوشل میڈیا فیس بک-واٹس ایپ کو استعمال کرتی ہے اور ان کی ملی بھگت کا انکشاف امریکی ٹائم میگزین نے کیا ہے۔
مسٹر راہل گاندھی کے ساتھ ہی، کانگریس پارٹی نے اس ملی بھگت کو جمہوریت کے لئے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔ پارٹی نے واٹس ایپ کے مالک مارکس زوکربرگ سے شکایت کی ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ اس ملی بھگت سے ہندوستانی جمہوریت کو ایک سنگین چیلنج درپیش ہے اس لیے اس ساز باز کی تحقیقات ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ
امریکہ سے شائع ہونے والے وال اسٹریٹ جرنل میں فیس بک اور بی جے پی کے مابین گٹھ جوڑ کا انکشاف ہوا تھا اور انہوں نے 17 اگست کو اس کی شکایت کی تھی، لیکن اب امریکی میگزین ٹائم نے بی جے پی- واٹس ایپ کےمابین گٹھ جوڑ کا انکشاف کیا ہے۔ اس کی اعلی سطح پر جانچ ہونی چاہئے۔
مسٹر راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا کہ "امریکہ کی ٹائم میگزین میں واٹس ایپ - بی جے پی کی ملی بھگت کا انکشاف ہوا ہے۔ تقریبا 40 کروڑ ہندوستانی شہری واٹس ایپ کا استعمال کرتے ہیں اور اب اسے ادائیگی کی کمپنی کے طورپر اس کے استعمال کرنے کی منظوری زیر غور ہے، جس کے لئے مودی حکومت کی منظوری درکار ہے۔ اس طرح سے بی جے پی کی واٹس ایپ پرمضبوط گرفت قائم ہوچکی ہے۔