پٹنہ، 30اکتوبر (یو این آئی) بہار میں اسمبلی کی تاراپور اور کشیشور استھان (محفوظ) سیٹ کے لیے آج ہورہے ضمنی انتخاب میں شام چار بجے ووٹنگ ختم ہوگئی۔ 49.59 فیصد رائے دہندگان نے اپنے حق رائے کا استعمال کرکے 17 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) میں قید کردیا۔
ریاستی الیکشن دفتر کے ذرائع نے سنیچر کو یہاں بتایا کہ تارا پور اور کشیشور استھان اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کے لیے رائے دہی شام چار بجے ختم ہوگئی۔ رائے دہی ختم ہونے تک کل 5.85 لاکھ رائے دہندگان میں سے 49.59 فیصد نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
اس دوران کشیشور استھان میں 49 فیصد جب کہ تارا پور میں 50.05 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ رائے دہی کے دوران کہیں سے بھی کسی ناگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
ضمنی انتخاب میں تاراپور سیٹ سے برسر اقتدار جنتادل یو نے راجیو کمار سنگھ جب کہ آر جے ڈی نے ارون کمار شاہ کو میدان میں اتارا ہے۔ اس کے جواب میں کانگریس نے راجیش کمار مشرا کو کمان سونپی ہے۔ ایم پی چراغ پاسوان کی قیادت والی لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) نے تارا پور سیٹ سے کمار چندن کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ اس سیٹ پر براہ راست مقابلہ جے ڈی یو اور آرجے ڈی امیدواروں کے درمیان مانا جارہا ہے۔