اجمیر 3 نومبر (یو این آئی) راجستھان کے سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں ہوئے ضمنی انتخابات میں ووٹ بی جے پی کے خلاف گیا ہے مسٹر پائلٹ نے آج جئے پورسے سوجت جاتے ہوئے اجمیر کے گھوگھرا واقع اشوک ادیان میں میڈیا سے بات چیت میں یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے پٹرول، ڈیزل، رسوئی گیس اور مہنگائی کے ذریعہ جس نظام کو برباد کیا ہے، اسے عوام نے سمجھ لیا ہے اور بی جے پی کے خلاف ووٹ دیا ہے، جس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب ہوا ملک میں مرکزی حکومت اور بی جے پی کے خلاف بن چکی ہے۔ کانگریس واحد منظم
پارٹی ہے جو بی جے پی کو شکست دے سکتی ہے۔ راجستھان میں دھریاود اور ولبھ گڑھ کے ضمنی انتخابات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پائلٹ نے کہاکہ یہ کانگریس تنظیم کے ساتھ ساتھ اس کے لیڈر سونیا گاندھی اور راہل گاندھی پر عوام کے اعتماد کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی عام آدمی، کسان، بے روزگار سبھی کو دھوکہ دے رہی ہے، جس کی وجہ سے ان کی شبیہ کم ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ریاست میں اسمبلی انتخابات میں چوبیس مہینے باقی ہیں اور مجھے یقین ہے کہ ریاست میں ایک بار پھر کانگریس کی حکومت بنے گی۔ کانگریس کارکنان ریاست میں بی جے پی کو چیلنج کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔