حیدرآباد، 27 جنوری (ذرائع) بی آر ایس کے کارگزار صدر اور سابق وزیر کے ٹی راما راؤ نے ہفتہ کے روز حیدرآباد میں آٹو رکشا میں سفر کیا اور جسکا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔ کے ٹی آر یوسف گوڑا میں منعقدہ جوبلی ہلز حلقہ کے وسیع کارکن اجلاس میں شرکت کے بعد جوبلی ہلز میں واقع تلنگانہ بھون کے لیے آٹو میں سوار ہوئے جہاں حامیوں سے خطاب کیا۔
حیرت کی بات یہ ہے کہ میٹنگ کے بعد کے ٹی آر نے اپنی گاڑی کے بجائے ایک آٹو کو ترجیح دی، ان کے ساتھ جوبلی ہلز کے ایم ایل اے مگنتی گوپی ناتھ بھی تھے۔
میٹنگ کے دوران کے ٹی آر نے آٹو رکشا ڈرائیوروں کی حالت زار پر بات کی اور کانگریس حکومت کی جانب سے خواتین کے لیے مفت بس اسکیم کے آغاز کے بعد ان کے بگڑتے حالات پر تشویش کا اظہار کیا۔