نئی دہلی، 20فروری (یوا ین آئی) نائب صدر جمہوریہ ایم ونکیانائیڈو نے آج اپنی اہلیہ اوشا کے ساتھ انڈیا گیٹ کے قریب راج پتھ پر اقلیتی امور کی مرکزی وزارت کی طرف سے منعقدہ 20ویں ہنر ہاٹ کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے کاریگروں، فنکاروں اور خان ساماوں سے بات چیت بھی کی۔
مسٹر ونکیا نائیڈ و دوپہر کو ہنر ہاٹ پہنچے ان کے ساتھ اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی بھی موجود تھے۔ مسٹر نقوی نے مسٹر ونکیا نائیڈو اور ان کی اہلیہ کو پھول پیش کرتے ہوئے ان کا استقبال کیا۔ مسٹر ونکیا نائیڈو اور ان کی اہلیہ کئی اسٹال پر گئے ہنرمند کاریگروں
کے فن نمونے دیکھے۔ نائب صدر جمہوریہ نے کچھ ہنرمندوں کے ساتھ تصاویر بھی کھینچوائی اور اسٹالوں پر کچھ پکوانوں کا مزہ بھی لیا۔ اس سے پہلے بدھ کو وزیراعظم نریندر مودی بھی ہنر ہاٹ پہنچے تھے اور لٹی چوکھا کا مزہ لیا تھا۔
’کوشل کو کام‘ تھیم پر مبنی ہنر ہاٹ کا 13فروری کو اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی، ریلوے اور تجارت و صنعت کے مرکزی وزیر پیوش گوئل اور شہری ترقیات کے وزیر (آزادانہ چارج) ہردیپ سنگھ پوری نے ہنر ہاٹ کا افتتاح کیا تھا۔اس ہنر ہاٹ میں پورے ملک کے استاد دستکار، فنکار اور خانسامے حصہ لے رہے ہیں جن میں پچاس فیصد سے زیادہ خواتین دستکار شامل ہیں۔