نئی دہلی، 11مئی (یو این آئی) دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے ملک میں کووڈ19ویکسین کی کمی کو ایک بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے مرکز کو مشورہ دیا کہ اس کی مانگ پوری کرنے کے لئے صرف دو ہی نہیں بلکہ زیادہ کمپنیوں کے ساتھ ٹیکہ بنائے جانے کے لئے اس کا فارمولہ شیئر کیا جانا چاہئے مسٹر کیجریوال نے منگل کو یہاں ڈیجیٹل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت صرف دو کمپنیاں ویکسین بنا رہی ہیں۔
یہ دونوں کمپنیاں ہر مہینے صرف چھ۔ سات کروڑ ویکسین بنا رہی ہیں۔ اس صورتحال میں پورے ملک کے لوگوں کی ٹیکہ کاری میں دو سال سے زیادہ وقت لگے گا۔ تب تک کورونا کی مزید کتنی لہر آئیں گی اور کتنا نقصان اٹھانا پڑے گا، یہ ہم نہیں جانتے۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں ٹیکوں کی تیاری میں تمام سطح پراضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ آئندہ کچھ مہینوں کے اندر ہر شخص کی ٹیکہ کاری کے لئے ایک قومی پالیسی تیار کرنی چاہئے۔