نئی دہلی، 26 نومبر (ایجنسی) امریکہ نے ممبئی دہشت گردانہ حملے کی دسویں برسی سے قبل کی شام، پاکستان کو تلقین کی کہ وہ دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ سمیت حملے کے سبھی قصورواروں کو قانون کی گرفت میں لے ۔ امریکہ نے اعلان کیا کہ حملے میں ملوث افراد کی گرفتاری اورانہیں سزا دلانے کے لئے اہم اطلاعات و سراغ دینے والوں کو 50 لاکھ ڈالر (تقریباً 36 کروڑ روپے )انعام میں دیئے جائیں گے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے اتوار کی شب واشنگٹن میں وزیر خارجہ مائیکل آر پومپيو کا ایک بیان جاری کیا۔ بیان میں مسٹر پومپيو نے کہا کہ ممبئی دہشت گردانہ حملے کی دسویں برسی پر وہ امریکی حکومت اور اس کے سبھی شہریوں کی جانب سے ہندوستان اور ممبئی کے لوگوں کے تئیں یکجہتی کا اظہار کرتے
ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 'ہم اس وحشیانہ واقعہ میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ ہیں جن میں امریکہ کے چھ شہری بھی شامل ہیں۔ 26 نومبر کے اس وحشیانہ واقعہ نے پوری دنیا کو ہلاکر رکھ دیا تھا۔
مسٹر پومپيو نے کہا کہ اس حملے میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ کے لئے یہ ایک بہت بڑا المیہ ہے۔ دس برس گزرنے کے بعد بھی ممبئی حملے کا منصوبہ بنانے والوں کو ابھی تک ان کی شمولیت کے لئے مجرم قرار دیکر کیفر کردار تک نہیں پہنچایا گیا۔انہوں نے کہاکہ "ہم سبھی ملکوں خاص طور پر پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے لشکر طیبہ اور اس کے ساتھیوں سمیت اس گھناؤنے حملے کے لئے ذمہ دار دہشت گردوں کے خلاف پابندیاں عائد کرے۔