نئی دہلی،29 مارچ (یو این آئی) بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمارنے اردوصحافت کی دوسوسالہ تقریب کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اردو صحافت نے جنگ آزادی میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔یہ اطلاع آ ج یہاں جاری ایک ریلیز میں دی گئی ہے۔
ریلیز کے مطابق دوسوسالہ تقریبات کمیٹی کے کنوینر معصوم مرادآبادی کے نام اپنے پیغام میں انھوں نے کہا ہے کہ مجھے یہ جان کر مسرت ہوئی کہ اردو صحافت کی دو سو سالہ تقریبات کمیٹی اپنا پہلا
پروگرام منعقد کر رہی ہے اور اس موقع پر ایک سووینیر بھی شائع کیا جارہا ہے۔ملک کی جنگ آزادی میں اردو صحافت نے انتہائی اہم کردار ادا کیا۔مولوی محمد باقر پہلے صحافی تھے جنہوں نے تحریک آزادی کے لئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔انھوں نے لکھا ہے کہ اردو صحافیوں کی عظیم قربانی کے علاوہ 200 سالہ اردو صحافت کے فیصلہ کن کردار کو بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ آج معاشرے میں اقدار کے مجموعی انحطاط کے پیش نظر اردو صحافت کا کردار اور بھی اہم ہو گیا ہے۔