لکھنؤ، 12 مئی (یو این آئی) بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی نے جیل میں بند سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سینئر ایم ایل اے اعظم خان پر اتر پردیش کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کی طرف سے ناانصافی کئے جانے کا الزام لگایا ہے مایاوتی نے ایس پی کے صدر اکھلیش یادو سے ناراض بتائے جارہے اعظم کے لیے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جمعرات کو بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں کانگریس کی حکومتوں کے طرز پر اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں، غریبوں، دلتوں اور مسلمانوں پر ظلم کرنے کا الزام لگایا۔
انہوں نے ٹویٹ کر کے کہاکہ یوپی اور دیگر بی جے پی کی
حکومت والی ریاستوں میں کانگریس کی ہی طرح غریبوں، دلتوں، قبائلیوں اور مسلمانوں کو ظلم اور خوف وغیرہ کا شکار بنا کر انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے۔ نہایت افسوسناک ہے، جبکہ دوسروں کے معاملات میں ان کی نظر عنایت جاری ہے۔
رام پور سے ایس پی کے ایم ایل اے اعظم خان کی مثال دیتے ہوئے مایاوتی نے کہاکہ اس سلسلے میں یوپی حکومت کی طرف سے اپنے مخالفین پر مسلسل نفرت انگیز ، دہشت گردانہ کارروائی اور سینئر ایم ایل اے محمد اعظم خان کو تقریباً ڈھائی برس سے جیل میں رکھنے کا معاملہ کافی سرخیوں میں ہے، جو عوام کی نظروں میں انصاف کا گلا گھونٹنا نہیں تو اور کیا ہے؟