نئی دہلی، 7ستمبر (یو این آئی) کھادی اور گرام ادیو گ کمیشن نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش دو اکتوبر تک اپنے پورٹل پر کم از کم ایک ہزار مصنوعات فروخت کے لئے دستیاب کرانے کا ہدف طے کیا ہے۔
کمیشن کے صدر ونے کمار سکسینہ نے پیر کو یہاں بتایا کہ کھادی کا پورٹل سات جولائی کو محض ماسک کی فروخت کے ساتھ شروع کیا گیا تھا جس نے تھوڑے وقت میں ہی پورے ملک میں اپنی موجودگی درج کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فی الحال پورٹل پر 180کھادی مصنوعات فروخت کے لئے دستیاب ہیں اور چار ہزار سے زیادہ لوگوں نے خریداری کی ہے۔
انہوں نے
بتایا کہ ہر روز کم از کم مزید دس مصنوعات پورٹل پر فروخت کے لئے رکھی جارہی ہیں اور دو اکتوبر کو پورٹل پر دستیاب مصنوعات کی تعداد ایک ہزار سے زیادہ ہوجائے گی۔ ان میں کپڑے، کھانے کی اشیا، دوائیں اور کاسمیٹکس شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کھادی مصنوعات کا مقصد سودیشی کو فروغ دینا اور مقامی دستکاروں کو بااختیاربنانا ہے۔ پورٹل سے دستکاروں کو اپنی مصنوعات فروخت کرنے کے لئے نیا بازار دستیاب کرانا بھی مقصد ہے۔ یہ آتم نربھر ہندستان کی سمت میں ایک قدم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پورٹل پر دستیاب اشیا کی قیمت پچاس روپے سے لیکر 5000روپے تک ہے۔