لندن/15جنوری(ایجنسی) برطانوی سیاسی جماعت یو کے انڈیپینڈنٹ پارٹی (یو کے آئی پی) کے سربراہ ہینری بولٹن کی گرل فرینڈ جو مارنی نے پرنس ہیری کی منگیتر میگھن مارکل کے خلاف ایک ایسا نسل پرستانہ بیان دیا ہے، جس پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے۔ اخبار "میل آن سنڈے" کے مطابق جو مارنی نے کہا کہ
ایک سیاہ فام امریکی خاتون کی بیٹی میگھن مارکل کی برطانوی شہزادے ہیری کے ساتھ شادی سے برٹش رائل فیملی "داغ دار" ہو جائے گی۔ یہ بات مارنی نے ایک دوست کو ایک ٹیکسٹ میسج میں لکھی۔ مارنی نے مزید لکھا کہ اب یہ بھی ہو گا کہ برطانوی وزیر اعظم کوئی مسلمان ہو گا اور بادشاہ کوئی سیاہ فام انسان۔ اس بیان کے بعد ہینری بولٹن نے جو مارنی سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔