سری نگر، 15 ستمبر (یو این آئی) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے کاکہ پورہ علاقے میں منگل کی صبح سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان تصادم میں دو فوجی اہلکار زخمی ہوئے جبکہ جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پلوامہ کے مرول کاکہ پورہ میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو فوجی اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج ومعالجہ کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
قبل ازیں
ذرائع کے مطابق جنگجوؤں کے چھپنے کی اطلاع موصول ہونے پر فوج کی 50 آر آر، سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے مرول کو منگل کی صبح محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن اس وقت تصادم آرائی میں تبدیل ہوا جب ایک جگہ پناہ لئے جنگجوؤں نے ایک تلاشی ٹیم پر اندھا دھند گولیاں برسائیں۔
تاہم ذرائع کے مطابق جنگجو سیکورٹی فورسز کا محاصرہ توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جس کے بعد فورسز نے آپریشن کو ختم کرنے کا اعلان کیا۔