نئی دہلی، 27 اکتوبر (یواین آئی) وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے ہندوستان اور امریکہ کے درمیان اسٹریٹیجک شراکت داری کے اہم بنیاد ٹو پلس ٹو بات چیت کی تیسری میٹنگ کو ہندوستان۔بحرالکاہل علاقے میں امن، استحکام، سلامتی، قانون پر مبنی اور جہازرانی کی آزادانہ آمدورفت کے لئے اہم اور نہایت مثبت قرار دیا ہے ڈاکٹر جے شنکر نے یہاں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو اور امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر کے ساتھ ٹو۔پلس ٹو سالانہ میٹنگ میں حصہ لینے کے بعد اپنے بیان میں کہا ہے
کہ ٹو پلس ٹو بات چیت ہماری جامع اور عالمی اسٹریٹیجک شراکت داری کا حقیقی آئینہ ہے۔ آج کی میٹنگ میں مسٹر پومپیو کے ساتھ ان کی خارجہ پالیسی سے جڑے تمام مسائل پر بہت اہم بات چیت ہوئی۔ گزشتہ کچھ برسوں میں ہمارے ممالک کے تعلقات میں بہت مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔
سیاسی رضامندی اور تعاون، دفاعی تجارت، معاشی بات چیت اور سائنسی ٹکنالوجی اور انوویشن اور انرجی سیکورٹی کے شعبوں میں چوطرفہ پیش رفت ہوئی ہے۔عوام کے درمیان رابطے تیز کردیئے گئے ہیں اور تعلیم اور سیاحت میں نقل و حرکت میں اضافہ ہوا ہے۔