سری نگر،2 جون (یو این آئی) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ترال میں منگل کی علی الصبح جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والی تصادم آرائی میں دو جنگجو مارے گئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ترال کے سیمو علاقے میں جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان منگل کی علی الصبح چھڑنے والا مسلح تصادم دو جنگجووں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہلوک جنگجوؤں کا تعلق غالباً انصار غزوۃ الہند نامی جنگجو تنظیم سے ہے۔
قبل ازیں جنگجوؤں کے چھپنے کی مصدقہ اطلاع ملنے پر فوج کے 42 آر آر، سی آر
پی ایف کی 180 بٹالین اور جموں و کشمیر پولیس کے سپیشل آپریشنز گروپ کی ایک مشترکہ ٹیم نے ترال کے سیمو علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کردیا۔
اس دوران تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم جوں ہی مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں پناہ لئے جنگجوؤں نے ان پر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔
اس دوران کشمیر زون پولیس کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹوئٹ میں کہا گیا: 'ایک اور جنگجو مارا گیا۔ آپریشن اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔ ممنوعہ مواد بشمول اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا'۔