نئی دہلی، 6 مارچ (یو این آئی) ترنمول کانگریس کے لیڈر اور سابق وزیر ریلوے دنیش تریویدی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شمولیت اختیار کرلی۔
مسٹر تریویدی نے یہاں ہفتے کے روز بی جے پی صدر جگت پرکاش نڈا کی موجودگی میں پارٹی کی رکنیت حاصل کی۔
مسٹر تریویدی نے کہا کہ "آج کا یہ وہ سنہری لمحہ ہے جس کا میں انتظار کر رہا تھا۔ آج ہم عوامی زندگی میں اسلئے ہیں، کیوں کہ عوام سب سے مقدم ہیں۔ ایک سیاسی پارٹی ایسی ہے جس میں کنبہ سب سے مقدم ہے، لیکن آج میں واقعتا ایسی پارٹی میں شامل ہوا ہوں جس میں عوام ہی اصل کنبہ ہیں۔ بی جے پی پارٹی کا مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے"۔
انہوں نے کہا کہ "میں اس سے پہلے جس پارٹی میں تھا اس میں صرف ایک خاندان کی خدمت ہوتی ہے، عوام کی نہيں"۔
مسٹر تریویدی نے کہا
کہ "آج مغربی بنگال میں ایسا ماحول ہے کہ وہاں کے لوگ مجھے فون کرکے کہتے تھے کہ آپ اس پارٹی میں کیا کر رہے ہیں؟ آج یہ صورتحال ہوگئی ہے کہ حکمراں جماعت کو ایک اسکول بنانے کے لئے بھی چندہ دینا پڑتا ہے"۔
انہوں نے کہا کہ "مغربی بنگال میں تشدد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ وہاں پر عوام تشدد اور بدعنوانی سے نالاں ہیں، ایسی صورتحال میں بنگال کے عوام خوش ہیں کہ وہاں حقیقی تبدیلی واقع ہونے والی ہے اور بی جے پی حکومت بنانے والی ہے"۔
بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے کہا کہ "مجھے خوشی ہے کہ ہم مسٹر تریویدی کو بی جے پی میں شامل کر رہے ہیں۔ مسٹر تریویدی کو سیاست کا ایک طویل تجربہ ہے۔ انہوں نے اقتدار کو نظر انداز کرتے ہوئے سیاسی زندگی بسر کی۔ انہوں نے بہتے ہوئے رجحان کے ساتھ خود کو بی جے پی کے ساتھ ضم کیا ہے"۔