جموں،17جون (یو این آئی) مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعے کے روز کہاکہ پڑوسی ملک کے اشاروں پر ٹارگیٹ کلنگ ہو رہی ہے اور کچھ بڑی طاقتیں لوگوں کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں وکشمیر میں ایک اور مائیگریشن کسی بھی صورت میں نہیں ہونے دیں گے۔اُن کے مطابق اسی سال کے آخر میں جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات ہو سکتے ہیں۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ مرکزی اور جموں وکشمیر انتظامیہ نے مائیگرنٹس کی فلاح و بہبود کے لئے زمینی سطح پر اقدامات کئے ہیں۔
وزیر دفاع نے بتایا کہ حکومت جموں وکشمیر میں ایک اور مائیگریشن نہیں ہونے دے
گی۔
ٹارگیٹ کلنگ کے بارے میں وزیر دفاع نے کہاکہ پڑوسی ملک کے اشاروں پر ہی کشمیر میں ٹارگیٹ کلنگ ہو رہی ہیں۔
جموں وکشمیر کے لوگوں کو بھائی چارہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ ہم ایک فیملی کی طرح رہتے ہیں ۔
انہوں بتایا کہ کچھ بڑی طاقتیں لوگوں کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں لیکن اُن کے منصوبوں کو ناکام بنایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ بھدرواہ میں حال ہی میں نفرت کو بھڑکانے کی کوشش کی گئی جو کشمیریت کی سنسکرتی کے خلاف ہیں۔اُن کے مطابق نفرت کے بیچ بو کر کوئی بھی ملک یا ریاست آگے نہیں بڑھ سکتی ہیں لہذا لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ بھائی چارے کو مضبوط کریں۔