لکھنؤ/13فروری(ایجنسی) اگر آپ تاج محل میں ممتاز محل کی قبر دیکھنا چاہتے ہیں تو آپ کو اس کے لئے اب دو سوروپے کا الگ سے ٹکٹ لینا ہوگا۔ پہلے تاج محل میں داخلے کا ٹکٹ لے کر ہی لوگ ممتاز محل کی قبر تک جاسکتے تھے اور اس کے لئے انہیں الگ سے کوئی ٹکٹ نہیں لینا پڑتا تھا ۔ ساتھ ہی ساتھ تاج محل میں سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر کنٹرول کرنے کے لئے حکومت نے داخلہ ٹکٹ چالیس سے پچاس روپے کردیا ہے اور ممتا ز محل کی قبر کے پاس جانے کے لئے الگ سے ٹکٹ لینا ہوگا۔
وزیر ثقافت ڈاکٹر مہیش چندر شرما نے آج یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ تاج محل دیکھنے کے لئے لوگوں کی تعداد مسلسل بڑھتی جارہی ہے ۔ روزانہ تقریباَ چالیس سے پچاس ہزار سیاح آتے ہیں جب کہ چھٹی کے دنوں میں یہ تعداد ایک سے سوالاکھ تک ہوجاتی
ہے۔ اس لئے بھیڑ پر کنٹرول کرنے کے لئے ہم نے یہ قدم اٹھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹکٹ کی رقم میں اضافہ کرنے کا مقصد پیسہ کمانا نہیں بلکہ بڑھتی ہوئی بھیڑ کو روکنا ہے ۔کیونکہ ہمیں اسے مستقبل کے لئے بھی محفوظ رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب تاج محل دیکھنے کا دورانیہ بھی صرف تین گھنٹے کردیا گیا ہے کیوں کہ پہلے لوگ ٹکٹ لے کر دن بھر تاج محل کے اندر گھومتے رہتے تھے اس سے بھیڑ بڑھ جاتی تھی۔ ڈاکٹر شرما نے کہا کہ میٹرو ٹکٹ کی طرح تاج محل کے ٹکٹ ہوں گے جس میں اگر آپ کی مدت تین گھنٹے سے زیادہ ہوگئی تو گیٹ نہیں کھلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ماحولیاتی اور انجینئرنگ ریسر چ انسٹی ٹیوٹ نے گذشتہ دنوں اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ تاج محل کے بہتر تحفظ کے لئے بھیڑ کو کنٹرول کرنا ضرویری ہے ۔ ہم نے اس رپورٹ کی بنیاد پر یہ فیصلہ کیا ہے تاہم بیرونی ملکوں کے سیاحوں کے لئے 1250روپے کا ہی ٹکٹ رہے گا۔