سری نگر،3 جون (یو این آئی) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بدھ کی صبح ہونے والے ایک مسلح تصادم میں جیش محمد سے وابستہ تین جنگجو مارے گئے ہیں۔ جنگجو مخالف آپریشن کے دوران فوج کا ایک اہلکار بھی زخمی ہوگیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع پلوامہ کے آستان محلہ کنگن میں جنگجووں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر پلوامہ پولیس، فوج کی 53 آر آر اور 183 بٹالین سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقے کو محاصرے میں لیکر کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران وہاں موجود جنگجووں نے سیکورٹی فورسز کی ایک پارٹی پر فائرنگ کی۔ جوابی فائرنگ کے ساتھ ہی طرفین کے درمیان مسلح تصادم چھڑ گیا جو تین جنگجوئوں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا۔
ذرائع نے بتایا کہ تصادم کے دوران فوج کا ایک اہلکار بھی زخمی ہوا جسے علاج ومعالجہ کے لئے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ
تصادم کی جگہ سے اسلحہ وگولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے مقامی خبر رساں ایجنسی جی این ایس کو بتایا ہے کہ تصادم میں مارے گئے تینوں جنگجوئوں کا تعلق جیش محمد سے ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ مہلوک جنگجووں کی شناخت معلوم کی جارہی ہے۔
سری نگر میں تعینات دفاعی ترجمان کے مطابق مہلوک جنگجوئوں کو خودسپردگی اختیار کرنے کی پیشکش بھی کی گئی تھی جو انہوں نے ٹھکرا دی۔ انہوں نے کہا کہ مہلوک جنگجووں کا تعلق جیش محمد سے ہے اور ان میں سے ایک آئی ای ڈی ایکسپرٹ تھا۔
اس دوران کشمیر زون پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹوئٹ میں کہا: 'کنگن پلوامہ میں تین دہشت گرد مارے گئے۔ شناخت کا عمل جاری ہے۔ ممنوعہ مواد بشمول اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے'۔
قبل ازیں منگل کو اسی ضلع کے ترال میں جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والی تصادم آرائی میں دو جنگجو مارے گئے تھے۔