سورت ،19اکتوبر(یواین آئی)گجرات پولیس کے انسداددہشت گردی (اے ٹی ایس )دستہ نے اترپردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں ہندو سماج پارٹی کے صدر کملیش تیواری کے سنسنی خیز قتل کے معاملہ کو 24گھنٹے کے اندر حل کرتے ہوئے تین ملزمان کو سنیچر کے روز سورت سے گرفتار کرلیا جبکہ دیگر دولوگوں کا بھی جلد گرفتاری کا امکان ہے ۔
سال 2015میں پیغمبراسلام محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں متنازعہ بیان دینے کے بعد سرخیوں میں آئے مسٹر تیواری (45)کو جمعہ کو لکھنؤکے خورشید آباد میں واقع انکے دفتر میں دونامعلوم افرادنے گلاکاٹ کر اور گولی مار کر قتل کردیا تھا۔
گجرات اے ٹی ایس کے ایس پی ہمانشو شکلا اور ڈی ایس پی کے کے پٹیل نے سنیچر کو یواین آئی کو بتایاکہ اس معاملہ کے تین ملزمان راشد پٹھان (30) ،مولوی محسن شیخ (28)اور فیضان (24)جو تینوں سورت
کی لنبایت علاقہ کی ایک ہی سوسائٹی کے رہنے والے ہیں ،کو گرفتارکرلیاگیاہے ۔انکے دودیگر ساتھیوں ،جنھوں نے قتل کو انجام دیاہے ،انکی بھی شناخت ہوگئی ہے اور انکی جلد ہی گرفتاری ہوسکتی ہے ۔
ملزمان نے سال 2015میں ہی مسٹر تیواری کے قتل کا منصوبہ بنایاتھا لیکن اس وقت ایسانہیں ہوسکا ۔راشد بعد میں دوبئی چلاگیا اوردوسال رہ کر واپس آیا۔ان لوگوں نے حال ہی میں پھر سے یہ منصوبہ بنایا اور دونوں قاتل 16اکتوبر کو سورت سے لکھنؤ روانہ ہوئے تھے ۔
مسٹر پٹیل نے بتایاکہ موقع واردات سے مٹھائی کا ایک ڈبہ ملا جسے قاتل سورت کے اودھنا کی ایک دکان سے خرید کر لے گئے تھے اور مقتول تیواری کے فون سے ملے سراغ کی بنیاد پر اس معاملہ کو حل کیاگیاہے۔
گرفتارکیے گئے ملزمان کو جلد ہی آگے کی کارروائی کے لیے اترپردیش پولیس کو سونپ دیاجائیگا۔