سری نگر، 28 اکتوبر (یو این آئی) کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے کہا ہے کہ ماہ رواں کے دوران پانچ جنگجوؤں نے تصادم آرائیوں کے دوران سرنڈر کیا ہے انہوں نے کہا کہ اس سال اب تک کل آٹھ جنگجوؤں نے خود سپردگی اختیار کی ہے موصوف نے بدھ کے روز یہاں نامہ نگاروں کو بتایا: 'اکتوبر کے ماہ میں اب تک پانچ جنگجوؤں نے تصادم آرائیوں کے دوران سرنڈر کیا اور اس سال کے دوران اب تک کل آٹھ جنگجوؤں نے خود سپردگی اختیار کی جو ایک اچھی بات
ہے'۔
وسطی ضلع بڈگام کے موچھوا علاقے میں ہونے والے تصادم کے بارے میں موصوف انسپکٹر جنرل نے کہا: 'مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر سری نگر پولیس، بڈگام پولیس اور فوج اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ٹیم نے موچھوا علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا اور اس دوران طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا'۔
انہوں نے کہا کہ اس تصادم میں جیش محمد سے وابستہ دو جنگجو مارے گئے ان میں سے الیاس نامی جنگجو پاکستانی تھا جبکہ جاوید احمد ضلع پلوامہ کا رہنے کا والا تھا۔