نئی دہلی،25 مارچ(یواین آئی)دہلی حکومت نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی قسم کی دہشت میں نہ آئیں اور دارالحکومت میں لاک ڈاؤن کے دوران ضروری اشیا کی سپلائی برقرار رکھنے کےلئے ہر ممکن کوشش کی گئی ہے۔
لیفٹننٹ گورنر انل بیجل اور وزیراعلی اروند کیجریوال نے بدھ کو سینئر افسران کے ساتھ بیٹھ کر لاک ڈاؤن کا جائزہ لیا۔مسٹر بیجل اور مسٹر کیجریوال نے میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ دہلی میں ضروری اشیا کی کسی قسم کی کمی نہیں ہونے دی جائےگی اور ریاستی حکومت کی پوری کوشش رہے گی کہ 21 کی لاک ڈاؤن کی مدت کے دوران کوئی بھی بھوکا نہ سوئے۔انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے دقتیں ہوں گی لیکن سبھی لوگوں کو اس کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔
مسٹر بیجل نے کہا کہ دارالحکومت میں ضروری خدمات مسلسل چلتی رہیں گی اور انہیں روکا نہیں جائےگا۔حکومت نے حالات پر نظر رکھنے کے لئے ناڈل افسر بھی مقرر کئےہیں۔
مسٹر کیجریوال نے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ بالکل باہر نہ نکلیں ورنہ تو لاک ڈاؤن کا کوئی مطلب نہیں رہ جائےگا۔انہوں نے کہا کہ
حکومت لاک ڈاؤن کے دوران سبزی اور کھانے کے سامان کی سپلائی بنائے رکھنے کےلئے ہر ممکن قدم اٹھائےگی۔دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں سبزی سمیت ضروری اشیا پہنچانے کا انتظام کیاجارہاہے۔انہوں نے کہا کہ جن ضروری خدمات کو لاک ڈاؤن کے دائرے سے باہر رکھا گیاہے۔ان کے ملازمین اپنا شناختی کارڈ دکھاکر دفتر آجا سکتے ہیں۔ضروری اشیا کی خدمات میں لگے ملازمین کو ای پاس دینے کا انتظام کیاجارہا ہے اور اسے بنوانے کےلئے جلد ہی ہیلپ لائن نمبر جاری کردیا جائےگا۔
وزیراعلی نے کہا کہ منگل کو وزیراعظم نریندرمودی کے لاک ڈاؤن کا اعلان کرنے کے بعد جس طریقے سے لوگ سڑکوں پر نکل آئے تھے۔وہ ٹھیک نہیں ہے۔ایسا کرنے پر لاک ڈاؤن کا کوئی مطلب نہیں رہےگا۔میری لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ ڈریں نہیں اور حکومت جائزے کے بعد جو بھی قدم اٹھانے کی ضروری ہوگی اس سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔
مسٹر کیجریوال نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران کسی کو کوئی شکایت ہے تو وہ پولیس کو اس کی اطلاع دے سکتا ہے۔پولیس کمشنر ایس این شریواستو نے اس کےلئے ہیلپ لائن نمبر 23469536 جاری کیاہے۔