نئی دہلی، 08 فروری (یواین آئی) پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس میں کسانوں کے معاملے پر حزب اختلاف کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے لوک سبھا میں پیر کو مسلسل پانچویں دن وقفہ سوال نہیں ہوسکا۔
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے پیر کووقفہ سوال کا آغاز کیا۔ دوسری طرف اپوزیشن اراکین نے ایوان کے وسط میں پلے کارڈ اٹھائے اور حکومت مخالف نعرے بازی کی۔ اسپیکر نے انہیں وقفہ سوال جاری رکھنے کی تاکید کی اور پھر اپنے معاملات پر تبادلہ خیال کرنے کی یقین دہانی کرائی
لیکن اپوزیشن ارکان شور وغل کرتے رہے۔
بی جے پی کے پرتاپ سمہا اور تیجسوی سوریہ نے آن لائن تعلیم پر سوال پوچھے جن کا جواب وزیر اطلاعات ونشریات پرکاش جاوڈیکر نے دیئے۔ جیسے جیسے شور وغل میں اضافہ ہوتا گیا اسپیکر نے ایک مرتبہ پھر اپوزیشن ارکین سے اپیل کی کہ وہ اپنی جگہوں پر بیٹھیں اور وقفہ سوال چلنے دیں۔ لیکن حزب اختلاف کے اراکین پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوا۔
اس کے بعد مسٹر برلا نے ایوان کی کارروائی شام پانچ بجے تک ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔