نئی دہلی ، 19 جون (یو این آئِی) مرکزی حکومت نے نامور ماہر معاشیات پروفیسر اجیت مشرا کی سربراہی میں ایک ماہر گروپ تشکیل دی ہے ، جو جلد ہی قومی سطح پر کم از کم اجرتوں کے تعین کے بارے میں حکومت کو تکنیکی معلومات اور سفارشات پیش کرے گا۔
مرکزی وزارت محنت و روزگار نے ہفتہ کو یہاں یہ وضاحت پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس گروپ کی پہلی میٹنگ 14 جون 2021 کو ہوئی ہے اور اس
کی دوسری میٹنگ 29 جون 2021 کو شیڈول ہے۔ وزارت نے بتایا کہ اس کے علاوہ جب بھی ضرورت ہو ، حکومت قومی سطح پر کم سے کم اجرت سے متعلق معاملات پر اس ماہر گروپ سے تکنیکی صلاح لے سکتی ہے۔
وزارت نے کہا ہے کہ اس ماہر گروپ کی میعاد تین سال ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ پریس کے کچھ حصوں نے اس اقدام کو قومی سطح پر کم سے کم اجرت اور کم سے کم اجرت کا تعین میں تاخیر کی کوشش کے طور پر دیکھا ہے۔