اقوام متحدہ۔ شام کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کو نسل کا ہنگامی اجلاس آج ہو گا۔ مشرقی غوطہ میں تازہ حملوں کے دوران مزید 24شہری مارے گئے جبکہ دو ہفتوں کے دوران مرنے والے افراد کی تعداد 800سے تجاوز کرگئی۔ اقوام متحدہ کے جنگی جرائم کی تحقیقات کرنے والے تفتیش کاروں نے امریکہ اوراس کے اتحادی روس پر زور دیا ہے کہ وہ شام پر کیے جانے والے فضائی حملوں کی تحقیقات کریں کیونکہ ان حملوں کے نتیجے میں بے گناہ شہری مارے گئے تھے جو عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔
تفتیش کاروں کے مطابق گزشتہ سال نومبر میں شام کے شہر حلب کی ایک مارکیٹ پر روسی فضائی حملے
میں کم از کم 84 شہری مارے گئے تھے جبکہ امریکی اتحادی فوج کی جانب سے رقہ میں ایک اسکول میں بمباری کے نتیجے میں ڈیرھ سو افراد مارے گئے تھے ۔ اس اسکول میں بے گھر ہونے والے افراد پناہ لیے ہوئے تھے۔ تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ ایسے کوئی شواہد نہیں ملے کہ ان جگہوں پر داعش کے شدت پسند موجود تھے ۔
دوسری جانب گزشتہ روز بھی شام کے صوبے مشرقی غوطہ پر فضائی حملے جاری رہے۔ انسانی حقوق پر نظر رکھنے والے ادارے کے مطابق بمباری اور جھڑپوں کے دوران مزید چوبیس شہری مارے گئے ہیں جس کے بعد گزشتہ دو ہفتوں میں مرنے والے افراد کی تعداد آٹھ سو پانچ ہوگئی ہے جن میں 178 بچے بھی شامل ہیں۔