اسلام آباد، 10 مئی (یواین آئی) پاکستان کے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں نے لڑکیوں کے دو اسکولوں کو نشانہ بنا کر دھماکہ کیا اور لڑکیوں کو اسکول نہیں بھیجنے کے لئے انتباہ آمیز پمفلیٹ تقسیم کئے ہیں۔
پاکستانی اخبار’ڈان‘ کی اطلاعات کے مطابق مقامی افراد کا کہنا ہے کہ میر علی کی تحصیل کے علاقے ہسکول میں قائم طالبات کے مڈل اسکول پر بم حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں اسکول کی بیرونی دیوار تباہ ہوگئی۔واضح رہے کہ دو روز قبل بھی اسی علاقے میں طالبات کے ایک اور مڈل اسکول کو بم دھماکے سے نشانہ
بنایا گیا جس سے اسکول کی عمارت کو جزوی نقصان پہنچا تھا۔
دوسری جانب ’اتحاد المجاہدین شمالی وزیرستان‘ نامی عسکری گروپ کی جانب سے دھمکی آمیز پمفلٹ تقسیم کیا گیا، جس میں درج تھا کہ ’’ہم علاقے میں لڑکیوں کا اسکول جانا برداشت نہیں کریں گے‘‘، مذکورہ پمفلٹ قبائلی علاقے میں قائم طالبات کے متعدد اسکولوں کو بھی موصول ہوا۔
علاوہ ازیں حکومت کے حماتی یافتہ قبائلی عمائدین کو بھی پمفلٹ موصول ہوئے جس میں انہیں حکومتی پالیسیوں کی حمایت سے باز رہنے کی دھمکی دی گئی۔
یو این آئی،اظ