نئی دہلی ، 4 مئی (یو این آئی) وزارت دفاع نےملک میں ہی چھ آبدوزیں بنانے کے لئے 43،000 کروڑ روپے کے منصوبے کے ٹینڈر جاری کرنے کو آج منظوری دے دی۔ ساتھ ہی مسلح افواج کی جدید کاری اور آپریشنل ضروریات سے متعلق سازو سامان کی خریداری کے لئے 6،000 کروڑ روپے کے دفاعی سودوں کو بھی منظوری دی گئی ۔
وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کی زیر صدارت ہوئی یہاں کونسل کی میٹنگ میں ان تجاویز کو منظوری
دی گئی ۔ بحریہ کے لئے کلاس پی 75 کی یہ آبدوز اسٹریٹجک پارٹنرشپ ماڈل کے تحت بنائی جائے گی اوریہ آبدوزیں دیسی ہوں گی اور انہیں جدید ترین سسٹم سے لیس کیا جائے گا ۔
اسٹریٹجک پارٹنرشپ ماڈل کے تحت یہ پہلا معاملہ ہے جسے منظوری دے دی گئی ہے اور اس طرح میک ان انڈیا پروجیکٹ کے تحت اب تک کا سب سے بڑا پروجیکٹ ہوگا۔ اس سے درآمدات پر انحصار کم ہوگا اور آہستہ آہستہ ملک خود انحصار بنے گا ۔