حیدرآباد/٢٠جون(ایجنسی) تلنگانہ ہائی کورٹ نے کے سی آر حکومت کی جانب سے جاری کردہ جی او 239کو چیلنج کرتے ہوئے داخل کردہ عرضی کو سماعت کے لئے قبول کرلیا۔ یہ عرضی تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کی جانب سے داخل کی گئی ہے جس کو چیف جسٹس رگھویندرسنگھ چوہان اور جسٹس شمیم اختر پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے سماعت کے لئے قبول کرلیا۔ یونین کے وکیل نے اس جی او کو کالعدم قرار دینے اور اکریڈیشین کارڈس کی اجرائی میں تلگو میڈیا کے ساتھ ساتھ اردو میڈیا سے مساوی سلوک کرنے کی حکومت کو ہدایت دینے کی عدالت سے استدعا کی۔
ٹی یوڈبلیوجے یو tuwju کا کہناہے کہ اس جی او کے ذریعہ دانستہ طور پر اردوصافحت کے ساتھ امتیازی سلوک کیا گیا۔ یونین کی جانب سے 2017سے کئی مرتبہ اس خصوص میں وزیراعلیٰ کے چندرشیکھرراؤ کے علاوہ کئی
وزراء اور کمشنر اطلاعات سے بھی نمائندگی کی گئی اس کے باوجود ان نمائندگیوں کو نظرانداز کیا گیا۔ یونین کی جانب سے دو عرضیاں عدالت میں داخل کی گئیں۔ پہلی عرضی میں جی او239 کو کالعدم قرار دینے اور دوسری عرضی میں تلگو کے ساتھ ساتھ اردو میڈیا سے مساوی سلوک پرزور دیا گیا۔