جبل پور،20نومبر(ایجنسی)وزیر خارجہ سشما سوراج نے کانگریس کو تذبذب کی شکار پارٹی قرار دیا اور کہا کہ مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات اور آنے والے لوک سبھا انتخابات بھارتیہ جنتا پارٹی کے واضح موقف اور کانگریس کے تذبذب کے درمیان ہوں گے۔
محترمہ سوراج نے کل دیر شام نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ تین بار سے مسلسل مدھیہ پردیش میں بی جے پی کی حکومت بن رہی ہے اور چوتھی بار بھی عوام کا ساتھ پانے کےلئے پارٹی انتخابی میدان میں ہے۔انہوں نےکہا کہ کانگریس تذبذب کی شکار پارٹی ہے۔
محترمہ سوراج نے کہا کہ کانگریس میں یہ تذبذب ہے کہ دیگر پارٹیوں سے اتحاد کیسے کیا جائے۔اگر اتحاد ہوگیا تو راہل گاندھی لیڈر کے طورپر کیسے قبول ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سب
سے بڑی کشمکش ان کے لیڈر کی شبیہ کے سلسلے میں ہے کہ راہل گاندھی کو کس طرح پروجیکٹ کیا جائے۔
محترمہ سوراج نے مزید کہا کہ برسوں تک راہل گاندھی کو ایک سیکولرلیڈر کے طورپر پیش کیا جاتا رہا ہے،پھر انہیں لگا کہ ہندو ملک میں اقلیتی ہیں تو انہوں نے ان کی شبیہ ہندو لیڈر کے طورپر بنانے پر غور کیا،اس میں بھی تذبذب برقرار رہا۔اس کے بعد بھی انہیں لگا کہ دوسرا ووٹ بینک ہاتھ سے نہ نکل جائے تو راشٹریہ سویم سیوک سنگھ(آر ایس ایس)کی مذمت کرنے لگے
انہوں نے کہا کہ بی جےپی کی پالیسی اور نیت صاف ہے۔بی جے پی میں کا موقف واضح ہے،یہاں کوئی تذبذب نہیں ہے،اسی لئے ریاست کے عوام میں بھی کوئی کشمکش نہیں ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ ریاست میں چوتھی بار بھی بی جےپی کی حکومت بنے گی۔