نئی دہلی، 7 اگست (ایجنسی) بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ اور افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی سمیت متعدد ممالک کے لیڈروں اور سفارتکاروں نے بھارتیہ جنتاپارٹی کی سینئر لیڈر اور سابق وزیر خارجہ سشما سوراج کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
محترمہ حسینہ نے لندن سے جاری اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ محترمہ سوراج بنگلہ دیش کی کافی اچھی دوست تھیں۔ وزیراعظم کے پریس سکریٹری احسان الکریم نے محترمہ حسینہ کے حوالے سے کہا کہ ان کے انتقال سے ہم نے ایک سچا دوست کھو دیا ہے۔ محترمہ حسینہ نے
کہا کہ بنگلہ دیش دو طریقی تعلقات (بنگلہ دیش۔ ہندوستان) کو نئی بلندیوں پر لے جانے میں ان کے تعاون کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔ انہوں نے ان کی روح کے سکون کے لئے دعا کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ ڈاکٹر اے کے عبدالمومن اور ہندوستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر سید ایم علی نے بھی محترمہ سوراج کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ محترمہ سوراج کا منگل کی شب دلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(ایمس) اسپتال میں انتقال ہوگیا تھا۔