نئی دہلی،4مارچ(یواین آئی)سپریم کورٹ نے 1984 کے سکھ مخالف فسادات سے منسلک معاملوں میں عمرقید کی سزا کاٹ رہے سابق کانگریسی لیڈر سجن کمار کو صحت کی جانچ کے لئے جمعرات کو ایمس کےمیڈیکل بورڈ کے سامنے ساڑھے دس بجے لے جانے کی بدھ کو ہدایت دی۔
چیف جسٹس شرد اروند بوبڑے ،جسٹس بی آر گوئی ار جسٹس سوریہ کانت کی بینچ نے کہا کہ میڈیکل بورڈطے کرےگا کہ سجن کمار کو ایمس میں داخل کرنے کی ضرورت ہے یا نہیں۔عدالت نے کہا کہ میڈیکل بورڈ ایک ہفتے کے اندر اپنی رپورٹ بینچ کو سونپے گا۔
سماعت کے دوران سجن کمار کے وکیل وکاس سنگھ نے کہا کہ ان کے موئکل کا وزن 67کلوگرام سے گھٹ کر 53کلوگرام ہوگیاہے۔
سالیسیٹرجنرل تشار مہتا نے
ایمس کی رپورٹ کے حوالے سے کہا کہ گزشتہ 10دسمبر کو آٹھ ڈاکٹروں کی ٹیم نے جانچ کی تھی۔ان کے سبھی اعضا صحیح کام کررہے ہیں۔ان کا صرف بلڈ پریشر بڑھا ہواہے۔کوئی غیر معمولی پریشانی نہیں ہے۔
مسٹر مہتا نے کہاکہ ایمس کے ہی ماہرین نے رپورٹ درج کی ہے اور تین مہینے کے فرق پر جانچ کی سفارش بھی کی تھی۔
چیف جسٹس نے سجن کمار کی عمر پوچھی،اس پر ان کے وکیل نے کہا کہ ان کے موئکل کی عمر 75سال ہے۔اس معاملے کے ایک فریق کے وکیل دشینت دوے نے کہا آج بھلے ہی سجن کمار کی عمر زیادہ ہے لیکن ان کے علاقے میں اس دوران کئی لوگوں کا قتل ہوا تھا۔
واضح رہے کہ سجن کمار نے عدالت سے اپنی بگڑتی صحت کے پیش نظر ضمانت پر رہا کرنے کی اپیل کی ہے۔