نئی دہلی، 21 جنوری (یو این آئی) سپریم کورٹ کے جسٹس ایل ناگیشور راؤ نے جمعہ کو تہلکہ میگزین کے سابق ایڈیٹر ترون تیج پال کی طرف سے دائر عرضی پر سماعت سے خود کو الگ کر لیا۔
جسٹس راؤ نے کہا کہ وہ 2015 اور 2016 میں گوا حکومت کی جانب سے عدالت میں حاضر ہوئے تھے۔ اس وجہ سے انہوں نے خود کو اس معاملے کی سماعت سے علاحدہ کر لیا۔
عرضی گذار تیج پال نے اپنے خلاف جنسی زیادتی کے مقدمے میں انھیں نچلی عدالت کے رہا کرنے والے فیصلے کو چیلنج کرنے والی گوا حکومت کی
عرضی پر ’بند کمرے‘ میں شنوائی کی درخواست کی ہے۔
اپنی عرضی میں انہوں نے سپریم کورٹ سے درخواست کی ہے کہ وہ ہائی کورٹ کوبند کمرے میں شنوائی کا حکم دے۔
صحافی تیج پال کی اس خصوصی رخصت کی عرضی پر جسٹس راؤ کی سربراہی والی بنچ کے سامنے سماعت کے لیے فہرست بند تھی۔ اب سپریم کورٹ کی دوسری بنچ پیر کو اس عرضی پر سماعت کر سکتی ہے۔
مسٹر تیج پال نے بامبے ہائی کورٹ کی جانب سے بند کمرے میں سماعت کی عرضی کو مسترد کیے جانے کے حکم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔