نئی دہلی، 13 اپریل (یو این آئی) سپریم کورٹ نے حجاب تنازعہ پر فیصلہ سنانے والے ہائی کورٹ کے ججوں کو مبینہ دھمکیوں کے ویڈیو وائرل ہونے کے سلسلے میں مقدمے کی سماعت کو منسوخ کرنے یا منتقل کرنے کی درخواست پر بدھ کو کرناٹک اور تمل ناڈو حکومتوں کو نوٹس جاری کیا۔
جسٹس سنجیو کھنہ اور بیلا ایم ترویدی کی بنچ نے دونوں ریاستی حکومتوں کو ملزم چنئی کے رہائشی کوائی رحمت اللہ کی عرضی پر اپنا جواب داخل کرنے کی ہدایت دی۔
ایک
اسلامی مذہبی تنظیم کے رکن رحمت اللہ کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کرنے پر تمل ناڈو اور کرناٹک میں ایف آئی آر درج کی گئی۔ کرناٹک کے ودھانا سودھا پولیس اسٹیشن میں مختلف دفعات کے تحت جرائم کی ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
رحمت اللہ کو پولیس نے 19 مارچ کو تمل ناڈو میں 18 مارچ کو درج کی گئی ایف آئی آر کے بعد گرفتار کیا تھا۔ تب سے جیل میں بند رحمت اللہ نے کرناٹک میں درج فوجداری کیس کو تمل ناڈو منتقل کرنے یا اسے منسوخ کرنے کی درخواست کی ہے۔