نئی دہلی، 22 جون (یو این آئی) نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے علاوہ آندھرا پردیش میں حکمراں وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور اڈیشہ میں حکمراں بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) نے صدارتی انتخابات میں این ڈی اے کی امیدوار محترمہ دروپدی مرمو کی حمایت کرنے کے واضح اشارے دیے ہیں۔
محترمہ مرمو کو مبارکباد دیتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس پارلیمانی پارٹی کے لیڈر مسٹر وی وجیا سائی ریڈی نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ محترمہ مرمو کو این ڈی اے کی طرف سے صدارتی انتخاب میں امیدوار قرار دیئے جانے پر دلی مبارکباد۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بالکل درست کہا کہ محترمہ مرمو ہمارے ملک کی ایک عظیم صدر ثابت ہوں گی۔
مسٹر ریڈی نے ٹویٹر پر مسز مرمو سے ملاقات کرتے ہوئے ایک فائل فوٹو بھی شیئر کی ہے۔
وائی ایس آر کانگریس کے 175 رکنی آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی میں 150 اور
قانون ساز کونسل میں 33 ارکان ہیں۔ لوک سبھا میں 25 میں سے 22 اور راجیہ سبھا میں 11 میں سے 6 ممبران ہیں۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والے حکمراں این ڈی اے کے پاس 5,26,420 ہیں، جو مجموعی 10.79 لاکھ ووٹوں کے نصف سے کچھ کم ہیں۔ اسے وائی ایس آر کانگریس اور بیجو جنتا دل جیسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کی حمایت کی ضرورت ہوگی۔ صدر کے عہدے کے لیے قبائلی اور خواتین کے زمرے میں آنے والی محترمہ مرمو کو اوڈیشہ سے ہونے کا بھی فائدہ ملے گا۔
بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) کے لیڈر اور اوڈیشہ کے وزیر اعلی نوین پٹنائک نے بھی یہ واضح کر دیا ہے۔ ٹویٹر پر مرمو کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ جب وزیر اعظم نریندر مودی نے ان سے اس معاملے پر بات کی تو وہ بہت خوش تھے۔ اوڈیشہ کے لوگوں کے لیے یہ ایک قابل فخر لمحہ ہے۔ مجھے یقین ہے کہ مسز مرمو ملک میں خواتین کو بااختیار بنانے کی ایک روشن مثال بنیں گی۔