نئی دہلی ، 20 اپریل (یواین آئی) مرکزی وزارت داخلہ نے کچھ ریاستوں میں مکمل پابندی سے متعلق رہنما اصولوں کی خلاف ورزی کا نوٹس لیتے ہوئے تمام ریاستوں سے ان پر سختی سے عمل درآمد کرنے کو کہا ہے۔
مرکزی داخلہ سکریٹری نے تمام ریاستوں اور مرکزکے زیرانتظام علاقوں کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ وزارت داخلہ کو معلوم ہوا ہے کہ کچھ ریاستیں اپنے علاقوں میں ایسی سرگرمیاں شروع کرنے کے احکامات جاری کررہی ہیں ،جن کی وزارت داخلہ نے ڈیزاسٹر
مینجمنٹ ایکٹ 2005 کے تحت جاری نظرثانی شدہ رہنما خطوط میں اجازت نہیں دی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ وہ ایک بار پھر تمام ریاستی حکومتوں سے درخواست کرتے ہیں کہ نظرثانی شدہ رہنما خطوط
پرپوری سختی سےعمل ہونا چاہئے اور مکمل لاک ڈاؤن کے سبھی اصولوں کو نافذ کیا جانا چاہئے۔
داخلہ سکریٹری نے کہا ہے کہ 31 مارچ کو سپریم کورٹ نے بھی تمام ریاستوں کو لوگوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے مرکزی حکومت کے جاری کردہ رہنما اصولوں پر عمل کرنے کا حکم دیا تھا۔