دہرادون، 11 جون (یو این آئی) آل انڈیا کناگریس کمیٹی کی کال پر جمعہ کے روز اتراکھنڈ کانگریس نے ریاست کے تقریباً تمام مقامات پر مظاہرہ کیا دہرادون میں ریاستی صدر نے رسی سے جیپ کو باندھ کر اور کئی مقامات پر کارکنان نے گیس سلینڈر لے کر گیس ایجنسیوں اور پٹرول پمپوں پر دھرنا دے کر مظاہرہ کیا صدر پریتم سنگھ کی ہدایت پر ریاست کے سبھی 70 اسمبلی حلقوں میں کانگریسیوں نے مرکزی حکومت کے خلاف مظاہرہ کیا۔ دہرادون میں ریاست کے نائب صدر سوریہ کانت دھرسمانا کی قیادت میں کینٹ اسمبلی حلقے میں
منفرد مظاہرہ کیا۔ جس میں ریاستی صدر پریتم سنگھ بھی شامل ہوئے۔ انہوں نے مظاہرے میں مسٹر دھرسمانا کے ساتھ رسیوں سے جیپ کو کھینچ کر اپنا احتجاجی مظاہرہ کیا۔
صحافیوں سے بات چیت میں مسٹر پریتم نے مرکزی حکومت پر زبردست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل میں جس طرح سے مسلسل قیمتیں بڑھ رہی ہیں، یہ براہ راست عوام کی جیب میں ڈکیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ پانچ ماہ میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 43 بار اضافہ ہوا ہے جس کے سبب آج پٹرول 100 روپیے اور ڈیزل 90 روپیے فی لیٹر سے زیادہ ہو گیا ہے۔