نئی دہلی، 26 جنوری (یو این آئی) ملک کے 73 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر بدھ کو یہاں راج پتھ پر منعقد ہونے والے پروگرام میں جہاں سیکورٹی، نظم و ضبط، مختلف ثقافتوں کی جھلک اور ناقابل تسخیر فوجی بہادری کا ایک انوکھا نظارہ دیکھنے کو ملا۔
یوم جمہوریہ کی پریڈ کی تقریبات کا آغاز وزیر اعظم نریندر مودی کے قومی جنگی یادگار پر خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ہوا۔ مسٹر مودی نے یہاں ان بہادر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے
ملک کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کے ساتھ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور تینوں افواج کے سربراہان بھی تھے۔ یہ پہلا موقع ہے جب وزیر اعظم نے یوم جمہوریہ کے موقع پر قومی جنگی یادگار میں امر جوان جیوتی پر پھول چڑھائے۔ اس سے پہلے وزیر اعظم انڈیا گیٹ پر واقع امر جوان جیوتی پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے تھے۔ یہ روایت 1972 سے چلی آ رہی تھی، لیکن اب اس جیوتی کو نیشنل وار میموریل میں واقع امر جوان جیوتی کے ساتھ ضم کر دیا گیا ہے۔