دوبئی، 11جنوری (ایجنسی) کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے کہاکہ آئندہ برس ہونے والے عام انتخابات کے بعد مرکز میں ان کی حکومت بننے پر آندھراپردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دیا جائے گا۔
متحدہ عرب امارات کے اپنے پہلے دورہ پر آئے مسٹر گاندھی نے جمعہ کو شرمک کالونی میں رہنے والے ہندستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ سے بات چیت کرنا چاہتے ہیں ۔
میں یہاں اپنے "من کی بات" کرنے نہیں آیا ہوں میں آپ کے من کی بات سننے آیا ہوں۔ مسٹر گاندھی متحدہ عرب امارات کے دو روزہ دورہ پر آئے ہوئے ہیں۔ ان کے ساتھ کانگریس کے سینئر لیڈر سیم پترودی بھی ہیں۔
مسٹر گاندھی نے وہاں موجود ہندستانی لوگوں سے کہا کہ ہر مذہب، ہر ریاست، ہر ذات کا نام آپ نے روشن کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسی نے یہاں کہا کہ بڑآدمی ہم سے ملاقات کرنے آیا ہے۔ کوئی بڑا آدمی نہیں ہوتا میں بالکل آپ جیسا ہوں۔