نئی دہلی ، 07 جون (یو این آئی) وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے کہا ہے کہ ملک میں غذائی تحفظ کے حوالے سے ٹھوس کام تیزی سے کیا جارہا ہے اور اس کے ساتھ ہی لوگ صفائی اور صحت کے تئیں بیدار بھی ہوئے ہیں مسٹر تومر نے کہا کہ گزشتہ کچھ برسوں میں ملک کی معاشی ترقی کی وجہ سے کمزور لوگوں کی روزی روٹی کو بہتر بنانے میں بہت ترقی ہوئی ہے ، عام لوگوں کا معیار زندگی بلند ہورہا ہے۔ بچپن میں غذائی قلت اور پسماندگی کی روک تھام کے لئے حکومت نے غذائیت سے متعلق اسکیموں پر گزشتہ سال 15 ہزار کروڑ روپئے خرچ کیے ہیں۔ اس بجٹ میں ایک مربوط غذائیت سے متعلق ایک پروگرام
مشن پوشن کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
وزیر زراعت نے آج ورلڈ فوڈ سیکیورٹی ڈے کے موقع پر پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام ایک ویب سیمینار میں ’ صحت مند کل کے لئے آج محفوظ کھانے‘ کے موضوع پر کہا کہ حکومت نے اسکولوں میں مڈ ڈے کھانا شروع کیا ہے۔ معاشرے کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے غذائیت کی اہمیت کے پیش نظر کئی اہم اقدامات کئے گئے ہیں جیسے حاملہ اور دودھ پلانے والی ماؤں کو کھانا ، راشن فراہم کرنا ، غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والے افراد کے لئے رعایتی اناج۔ آنگن واڑیوں اور عوامی تقسیم کے نظام کا اس میں ایک اہم کردار ہے۔