نئی دہلی، 26اپریل (ایجنسی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہورہے ’سیلبریٹیز‘ میں ایک اور نام پنجابی پوپ گلوکار دلیر مہندی کا بھی جڑ گیا ہے۔
دلیر مہندی نے جمعہ کو یہاں بی جی پی کی رکنیت لی۔ اس موقع پر دہلی کی تمام لوک سبھا سیٹوں کے امیدوار ہرش وردھن (چاندنی چوک)، منوج تیواری (شمال مشرقی دہلی)، پرویش ورما (مغربی دہلی)، رمیش ودھوڑی (جنوبی دہلی)، میناکشی لیکھی (نئی دہلی)، سابق کرکٹر گوتم گمبھیر (مشرقی دہلی) او رصوفی گلوکار ہنس راج ہنس (شمال مغربی دہلی) موجود تھے۔
مرکزی وزیر وجے گوئل اور بی جے پی کے قومی نائب صدر شیام جاجو بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دلیر مہندی اپنے زبردست رقص اور خصوصی دمدار آواز کے ساتھ اپنی پگڑی اور لمبے کرتے کے پہناوے کی وجہ سے بہت مشہور ہیں۔ ان کی ایلبم ’بولو تارا را را، تارا را‘ پوپ میوزک کے دیوانوں کے درمیان کافی مقبول ہے۔ خیال رہے کہ حال ہی میں فلم اداکار سنی دیول بھی بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں اور پنجاب کے گرداس پور لوک سبھا سیٹ سے الیکشن لڑرہے ہیں۔