سرینگر/28جون(ایجنسی) جموں وکشمیر پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ سرکردہ کشمیری صحافی سید شجاعت بخاری اور اُن کے دو ذاتی محافظین عبدالحمید اور ممتاز احمد کے قتل میں پاکستانی جنگجو تنظیم لشکر طیبہ ملوث ہے۔ پولیس کے مطابق قتل کی یہ سازش پاکستان میں رچی گئی اور اس کو یہاں شری مہاراجہ ہری سنگھ (ایس ایم ایچ ایس) اسپتال سے فرار ہونے والے پاکستانی جنگجو نوید جٹ سمیت لشکر طیبہ کے تین جنگجوؤں نے انجام دیا۔
کشمیر زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) سوئم
پرکاش پانی نے جمعرات کو یہاں پولیس کنٹرول روم (پی سی آر) سری نگر میں ڈی آئی جی وسطی کشمیر اور ایس ایس پی سری نگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قتل کی سازش پاکستان میں مارچ 2017 سے مقیم کشمیری شخص شیخ سجاد گل کی جانب سے رچی گئی۔
انہوں نے کہا کہ سجاد گل نے شجاعت بخاری کے خلاف سوشل میڈیا مہم چلائی تھی اور بلاگ لکھے تھے۔ آئی جی پی نے کہا کہ سجاد گل جعلسازی سے حاصل کئے گئے پاسپورٹ پر پاکستان چلا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سجاد گل سمیت لشکر طیبہ کے چار جنگجوؤں کو کیس میں مطلوبہ ملزمان قرار دیا گیا ہے۔