نئی دہلی‘ 20 جولائی (ایجنسی) کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی‘ موجودہ صدر راہل گاندھی اور سابق وزیر اعظم من موہن سنگھ سمیت متعدد رہم رہنماوں نے دہلی کی سابق وزیر اعلی شیلا دکشت کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دلی خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
محترمہ گاندھی نے محترمہ دکشت کی رہائش گاہ پر جاکر ان کے جسد خاکی پر گلہائے عقیدت پیش کئے اور ان کے رشتہ داروں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔
کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے بھی شیلادکشت کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ مسٹر گاندھی نے کہا”کانگریس پارٹی کی پیاری بیٹی جن کے ساتھ میری ذاتی تعلقات تھے‘ ان محترمہ شیلا دکشت جی کی وفات کی خبر سن کر بہت غمزدہ ہوں۔ دکھ کی اس گھڑی میں
محترمہ دکشت کے عزیز و اقارب اور دہلی والوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔“
سابق وزیر اعظم من موہن سنگھ نے کہا کہ محترمہ دکشت کی اچانک وفات کی خبر سن کر مجھے بہت دکھ ہوا۔ ان کی وفات سے کانگریس نے عوام کے لئے وقف ایک مقبول رہنما کھو دیا ہے۔ وزیر اعلی کے طور پر مسلسل پندرہ برس کے ان کے دور اقتدار میں کئے گئے ترقیاتی کاموں کو دہلی کے عوام کبھی نہیں بھول پائیں گے۔
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا”محترمہ دکشت کی وفات کی خبر سن کر بہت دکھ پہنچا۔ وہ مجھے پیار کرتی تھیں۔ انہوں نے دہلی اور کانگریس کے لئے جو کیا لوگ اسے ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ وہ کانگریس کی بڑی رہنما تھیں۔ پارٹی‘ سیاست او رملک اور بالخصوص دہلی کے لئے انہوں نے جو کچھ کیا وہ بے پناہ ہے۔