نئی دہلی‘ 9 اگست (ایجنسی)دہلی کی شاہی جامع مسجد کے امام سید احمد بخاری نے لفٹننٹ گورنر انل بیجل سے اپیل کی ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر دہلی میں شرپسند اور تخریب کارعناصر کی ممکنہ کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے سخت انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
مسٹربیجل کے نام ارسال کردہ خط میں شاہی امام نے لکھا ہے کہ ماضی میں یوم آزادی کی خوشی کے موقع پر کچھ شرارت پسند عناصر دانستہ طورپر جامع مسجد دہلی میں ہنگامہ کرنے اور تخریب کاری کے ارادے سے داخل ہونے کے کوشش کرتے رہے ہیں۔اتناہی نہیں بلکہ اشتعال انگیز نعروں کے علاوہ جامع مسجد کے تقدس کو پامال کرنے کی حرکتیں بھی کرتے ہیں۔
شاہی امام نے اس سلسلے میں گزشتہ
سال کے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ”پچھلے برس اس طرح کی صورت حال کا سامنا ہوا اور ہم نے تحمل سے کام لیتے ہوئے امن وامان اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو قائم رکھا۔“ انہوں نے مزید لکھا ہے ”اس مرتبہ پھر اس طرح کی مذموم کوشش کرنے کی سوشل میڈیا پر بات کی جارہی ہے۔اس سلسلے میں تمام ضروری احتیاطی اقدامات اٹھائے جائیں اور آزادی کے جشن کے موقع پر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے اس کو یقینی بنایاجائے۔“
شاہی امام نے کہا کہ ”جامع مسجد انتظامیہ اپنی سطح پر جو ممکنہ احتیاطی تدابیر اور اقدامات کیئے جاسکتے ہیں اس میں کوئی کمی نہیں رکھے گا۔“
اس خط کی نقل دہلی کے پولیس کمشنر امولیہ پٹنائک کو بھی ارسال کی گئی ہے۔