نئی دہلی، 13 جون (یو این آئی) نیشنل ہیرالڈ کیس میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سامنے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی پیشی سے قبل پولس نے پارٹی ہیڈکوارٹر کی طرف جانے والے تمام راستوں کو بند کر دیاہے اورپیشی کے خلاف احتجاج ومظاہرہ کرنے والے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے۔
کانگریس کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت نے پارٹی ہیڈکوارٹر 24 اکبر روڈ کی طرف جانے والے تمام راستوں کو بند کر کے غیر اعلانیہ ایمرجنسی
نافذ کر دی ہے تاکہ کانگریس کارکنان اپنے لیڈر کی پیشی کے خلاف ستیہ گرہ نہ کرسکیں اوراحتجاجی مظاہرہ میں شامل نہ ہوں۔ ان کاکہناتھاکہ اس طرح کے اقدامات سے کانگریس کارکن بغیرڈرے اورجھکے حکومت کی پالیسیوں کے خلاف ستیہ گرہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ستیہ گرہ مارچ پرامن اور گاندھیائی انداز میں نکالا جائے گا اور ستیہ گرہ کرنے والے تمام لوگ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے سامنے دھرنا دیں گے۔ حکومت کے مظالم کے سامنے پارٹی کارکنان نہ ڈریں گے اور نہ پیچھے ہٹیں گے اوراس کی پالیسیوں کے خلاف لڑائی لڑیں گے، دھرنا ومظاہرہ کریں گے۔